معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے عید قرباں پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کا عندیہ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ پابندیوں پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے پاک فوج کی مددلی جاسکتی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کورونا کی چوتھی لہر کا سامنا ہے، ایس او پیز پر عمل نہ کرنے سے ملک بھر میں کورونا میں اضافہ ہو رہا ہے، سمارٹ لاک ڈاؤن لگائیں گے، ویکسی نیشن کرانے والے لوگ ہی سیاحت کرسکیں گے، ملک میں ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ملک میں کورونا کیسز بڑھ رہ ہیں ، عید کی چھٹیوں کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے ۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے ملک میں کورونا کیسز بڑھنے کی اہم وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے ، عوام سماجی فاصلے اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں ، ویکسی نیشن سے ہی کورونا کے پھیلاو کو روکا جا سکتا ہے ۔
معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ جن افراد نے ویکسین لگوا لی ہے انہیں سیاحت کی اجازت ہے ،ساٹھ لاکھ اضافی ڈوز جلد آجائیں گی ۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 15 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 597 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 75 ہزار 92 ہوگئی۔