12ویں جماعت کی طالبات کے پرچے کے دوران اسکول پر دستی بم حملہ
گورنمنٹ ہائی اسکول پر دستی بم حملے سے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔پولیس
دھماکے کے ذریعے امن خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔ڈی پی او۔فائل فوٹو
شمالی وزیرستان میں بارہویں جماعت کی طالبات کے پرچے کے دوران سرکاری اسکول پر دستی بم سے حملہ کیا گیا۔
پولیس نے بھی شمالی وزیرستان میں سرکاری اسکول پر دستی بم سے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے کے وقت بارہویں جماعت کی طالبات کا پرچہ ہو رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گورنمنٹ ہائی اسکول پر دستی بم حملے سے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، پولیس کی نفری نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
ڈی پی او شمالی وزیرستان شفیع اللہ گنڈاپور نے بتایا کہ نامعلوم شرپسندوں نے خوف و ہراس پیدا کرنے کے لیے حیدرخیل کے ایک سرکاری اسکول کے اوپر بنے سکیورٹی کے خالی مورچے میں بارودی مواد کا دھماکا کیا۔
ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور کا کہنا تھا کہ دھماکے کے ذریعے امن خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے، حملے کی تحقیقات جاری ہیں، کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے باریک بینی کے ساتھ حقائق جمع کرکے تفتیش شروع کر دی ہے، جلد نتائج سامنے آئیں گے۔