وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز پر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔
آزاد کشمیر میں تقریرکے دوران ذوالفقار علی بھٹو کو غدار اور نوازشریف کو ڈاکو قرار دے دیا۔علی امین گنڈا پور نے الیکشن کی انتخابی مہم میں ایک بار پھر ووٹ ملنے پر بڑے ترقیاتی پیکیج دینے کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر نے گلگت بلتستان میں ایک ووٹ کی لیڈ پر ایک کروڑ کا پیکیج دینے کا اپنا ہی وعدہ یاد دلایا اور کہا کہ آپ جو مانگ رہے ہیں اس سے کہیں زيادہ ملے گا۔
شہید بھٹو پر پی ٹی آئی کی تنقید گِری ہوئی حرکت ہے۔ شیری رحمان
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے والے شہید بھٹو پر پی ٹی آئی کی تنقید گِری ہوئی حرکت ہے۔
وفاقی وزير علی امین گنڈاپور کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ ووٹوں کے سوداگر غیر سنجیدہ لوگ مسئلہ کشمیر کا ستیا ناس کررہے ہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں دھاندلی کے ذمے دار کشمیر الیکشن چوری کرنے کےلیے میدان میں اُترچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بد زبانی، بد گوئی، بد کلامی اور بد تہذیبی سے عوام کے دل نہیں جیتے جاسکتے۔