وزیراعظم عمران خان تمام پیش رفت کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔فائل فوٹو
وزیراعظم عمران خان تمام پیش رفت کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔فائل فوٹو

داسو بس دھماکا دہشتگردی تھا۔ فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ داسو واقعہ کی ابتدائی تحقیقات میں دھماکا خیز مواد کے آثارکی تصدیق ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والے داسو کے المناک واقعے میں دہشت گردی کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا، واقعے کی ابتدائی تحقیقات میں دھماکا خیز مواد کے شواہد بھی ملے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان داسو واقعے کی تحقیقات کے حوالے سے ہونے والی تمام پیش رفت کا خود جائزہ لے رہے ہیں، اور پاکستان چینی سفارتخانے کے ساتھ رابطے میں ہے، دونوں ممالک دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم کے دورہ ازبکستان کے حوالے سے وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا ازبکستان پہنچنے پر شایان شان استقبال کیا گیا، وزیراعظم  کی صدر ازبکستان سے ملاقات ہو گی، عمران خان کے دورے کے دو اہم مقاصد ہیں، ہم پاکستان، افغانستان اور ازبکستان میں سفری سہولیات میں اضافہ چاہتے ہیں، اور دوسری ہماری خواہش ہے کہ گواردر کی بندرگاہ سے سامان تاشقند تک آئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اپرکوہستان میں داسو ڈیم کے ملازمین کو لانے لے جانے والی بس دھماکے سے تباہ ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق جب کہ 28 افراد زخمی ہوگئے تھے، جاں بحق افراد میں 9 چائنیز، دو ایف سی اہلکار اور دو مقامی مزدور بھی تھے۔