وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور کے قافلے پر پتھراؤ کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس نے پتھرائو میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
اس حوالے سے مظفر آباد پولیس کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر کے قافلے پر پتھراؤ کے الزام میں 4 ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مظفر آباد پولیس کے مطابق علی امین گنڈا پور کے قافلے پر حملے میں ملوث مزید10 افراد کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق وفاقی وزیر کے قافلے پر منظم منصوبے کے تحت راستہ روک کر پتھراؤ کیا گیا ۔
مظفر آباد پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ وفاقی وزیر کے پرائیویٹ گارڈ کی فائرنگ بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔