پی ٹی آئی خواتین کی 3, علما و مشائخ،ٹیکنو کریٹ اوراوورسیز کشمیریوں کی ایک ایک نشست بھی حاصل کرلے گی۔

آزاد کشمیر انتخابات۔تحریک انصاف 6 مخصوص نشستیں بھی جیت لے گی

مطفرآباد:آزاد کشمیر اسمبلی کی 45 عمومی نشستوں پر انتخابات کے بعد اب سیاسی جماعتوں نے مخصوص نشستوں کے لیے صف بندی کرنا شروع کردی۔

نجی ٹی وی کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی 53 ارکان پر مشتمل ہوتی ہے، جن میں سے 45 عمومی نشستیں ہیں جن پر براہ راست پولنگ ہوتی ہے۔ ایوان میں خواتین کے لیے 5 جبکہ علما و مشائخ، ٹیکنو کریٹ اوراوورسیز کشمیریوں کی ایک ایک نشست ہے۔

عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے 25 نشستیں حاصل کرکے میدان مارلیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے 11 اور مسلم لیگ (ن) نے 6 نشستیں حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس نے بھی ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ہے۔ پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسین بیک وقت 2 نشستوں پر کامیاب ہوں گے، حلف برداری سے پہلے انہیں ایک نشست چھوڑنی ہوگی ، اس طرح ایوان میں پیپلز پارٹی کی نمائندگی 11 کے بجائے 10 ارکان پر مشتمل ہوگی۔

خواتین کی 5 نشستوں پر انتخاب کے لیے 9،9 ارکان اسمبلی کے پینل بنیں گے،عددی اعتبار سے پی ٹی آئی خواتین کی 3 جبکہ پیپلز پارٹی کم از کم ایک نشست پرکامیاب ہوجائے گی، خواتین کی ایک نشست پر اگر پیپلز پارٹی، (ن) لیگ، مسلم کانفرنس اور جے کے پی پی اتفاق کر لیں تو ایک سیٹ جیت سکتی ہیں۔

اسمبلی میں علما و مشائخ،ٹیکنو کریٹ اوراوورسیز کشمیریوں کی ایک ایک نشست ہے، جن پر پورا ایوان ووٹ دے گا، اس بات کا قوی امکان ہے کہ عددی اکثریت کی بنیاد پر تحریک انصاف تینوں نشستیں بھی جیت لے گی۔