لاہور میں ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے پی ٹی آئی کے ایم پی اے نذیر چوہان کا کہنا ہے کہ میں اپنے مؤقف پر قائم ہوں۔
لاہور میں گرفتار ہونے والے پی ٹی آئی کے ایم پی اے نذیر چوہان کو ایف آئی اے سائبر کرائم کی ٹیم کے سامنے پیش کر دیا گیا، اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ میں لاہور سے جیتا ہوا منتخب رکنِ پنجاب اسمبلی ہوں، ایسا تو نہیں ہونا چاہیے کہ ایک غیر منتخب شخص یہ کام کرے۔
نذیر چوہان نے کہا کہ دیکھتے ہیں کہ ان کی کیا نیت ہے؟ آپ کو پتہ ہے کہ شہزاد اکبر صاحب ایک بڑی سیٹ پر بیٹھے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں یہی چاہتا تھا کہ پوچھوں وہ بڑی سیٹ پر بیٹھے ہیں، وہ ہیں کون؟
پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما نے یہ بھی کہا کہ یہ تو نہیں ہو سکتا کہ عمران خان میرے وزیرِ اعظم ہوں، میں پی ٹی آئی کا ایم پی اے ہوں اور ایک غیر منتخب شخص میرے ساتھ اس طرح کرے۔