لاہور میں پاکستان تحریکِ انصاف کے جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھنے والے گرفتار ایم پی اے نذیر چوہان کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایم پی اے نذیر چوہان کے خلاف تھانہ گرین ٹاؤن میں بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔مقدمہ ایس ایچ او گرین ٹاؤن صغیر احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔مقدمے میں کارِ سرکار میں مداخلت، جان سے مارنے کی دھمکیوں سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
درج کی گئی ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن کے دن نذیر چوہان اپنے کو آرڈینیٹر اور25 نامعلوم افراد کے ساتھ پولنگ اسٹیشن آئے۔
متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ایم پی اے نذیر چوہان نے ایس ایچ او سے بد تمیزی کی، انہوں نے پولنگ اسٹیشن کے اندر زبردستی جانے کی کوشش بھی کی۔
ایف آئی آر کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پولیس کے روکنے پر نذیر چوہان نے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔