سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو مکمل طور پرگھیرے میں لے لیا۔

پشاور میں پولیس موبائل پر حملہ۔ایک اہلکار شہید

پشاور:کارخانو مارکیٹ میں پولیس وین پر ہونے والے دستی بم حملے میں ایک پولیس اہلکارشہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو مکمل طور پرگھیرے میں لے لیا۔

نجی ٹی وی  کے مطابق پولیس حکام نے بتایا ہے کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ(بی ڈی یو) اور پولیس کی ٹیمیں دھماکے کی جگہ روانہ ہوگئی ہیں،شہید پولیس اہلکار کا نام امین معلوم ہوا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق پولیس موبائل پر دستی بم سے حملہ کیا گیا، شہید اہلکار کی لاش کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا،واقعے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے فوری بعدحیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔

سی سی پی او پشاورکے مطابق موبائل میں 3 اہلکار موجود تھے، اور ریپڈ رسپانس فورس کی موبائل معمول کے گشت پر تھی کہ نامعلوم افراد نے حملہ کردیا، حملے میں موبائل انچارج شہید جبکہ دیگر اہلکار زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا حیات آباد کارخانو چیک پوسٹ پر کھڑی پولیس گاڑی کے قریب ہوا، اور ابتدائی طور پر ہینڈ گرنیڈ کا حملہ لگتا ہے، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔