سید نبیل اختر
مدیراعلیٰ’’امت‘‘ رفیق افغان کی روح کے ایصال ثواب کیلیے منگل کی شام سیلانی مسجد بہادر آباد میں روح پرور اجتماع منعقد کیا گیا۔یبشیر فاروقی نے خصوصی دعا کرائی۔ اس موقع پر قرآن پاک کی تلاوت اور نبی مہربان پر ہزاروں درود بھیجے گئے۔ تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل اور ’’امت‘‘ کی جانب سے مدیر اعلیٰ ’’امت‘‘ رفیق افغان کے ایصال ثواب کے لئے نماز عصر کے بعد فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا تھا۔ یہ تقریب سیلانی ہیڈ آفس میں واقع سیلانی مسجد میں منعقد ہوئی۔ جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نمازعصر کی دعا میں بھی مدیراعلیٰ رفیق افغان کی مغفرت کی دعا کی گئی۔ بعد ازاں کورونا ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے صفیں بنائی گئیں اور ان پر تیس ہزار سے زائد تسبیح کے دانے رکھے گئے۔ شرکا نے تسبیح کے دانوں پر نبی مہربان ﷺ پر درود پڑھے۔ فاتحہ خوانی کی اس تقریب میں مدیر اعلیٰ کے صاحبزادے علی اسد افغان، مرحوم کے چھوٹے بھائی ڈاکٹر ناصر افغان، دیگر عزیز و اقارب، ’’امت‘‘ ٹیم کے اراکین اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب میں سیلانی کے سربراہ مولانا بشیر فاروق قادری، سی او او محمد غزال، سیلانی ٹرسٹ کے ایڈوائزر امجد چامڈیا اور سیلانی کے رضاکاروں نے بھی شرکت کی۔ فاتحہ خوانی کی اس تقریب میں مدیر اعلیٰ رفیق افغان کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی۔
مولانا بشیر فاروق نے کہا کہ ’’اے میرے پروردگار، اپنے محبوب کے صدقے رفیق افغان کی مغفرت فرما۔ ان کے لیے حشر کا میدان آسان بنا دے۔ حشر کے میدان میں پیارے آقا ﷺ کے ہاتھوں کوثر کے چھلکتے جام عطا فر ما دے۔ انہیں آسانی کے ساتھ پل صراط کی منزلیں طے کرا دے۔ اسی طرح جب یہ میزان میں آئیں تو سیدھے ہاتھ پر ان کے اعمال نامہ نصیب ہو جائے اور پوری کائنات کے آقا کی شفاعت عظمیٰ نصیب اور شفاعت عظمیٰ کی برکت سے جنت الفردوس میں داخلہ نصیب فرمادے۔ اے میرے رب، رفیق افغان کو جنت الفردوس میں بھی اپنے پیارے نبی ﷺ کا پڑوس عطا فرما دے۔ رب العالمین یہ دعائیں ہم نے رفیق افغان کے لئے مانگی ہیں۔ یہ دعائیں ان کے حق میں قبول فرمالے۔ اے اللہ ان کے گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرما۔ رفیق افغان نے ہمیشہ ختم نبوت اور ناموس رسالت پر پہرہ دیا ہے۔ وہ ایک زبردست ختم نبوت کے پہرہ دار اور ناموس رسالت کے مجاہد بن کر کھڑے رہے ہیں۔ اے اللہ، انہوں نے اس معاملے میں کسی بھی خوف اور ڈر کو اپنے پاس آنے نہیں دیا۔وہ میرے آقا ﷺ کی ناموس کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر دشمنوں کے سامنے، کافروں کے سامنے کھڑے رہے۔ جو مشن انہوں نے اپنی زندگی میں اپنایا۔ یقیناً یہ مشن انہیں جنت کے آخری دربار تک پہنچائے گا۔ یہ بڑا عظیم مشن تھا۔
انہوں نے تحفظ ختم نبوت کے لیت پہرا دیا۔ ناموس رسالت پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا۔ یقیناً انہیں کروٹ کروٹ جنت کی بہار یہ مشن عطا کرے گا۔ جو انہوں نے آخری سانس تک جاری رکھی۔ ہماری دعا ہے کہ رفیق افغان کی اولاد یں، ان کے اہلخانہ اور ان کی ٹیم کے تمام اراکین رفیق افغان کے مشن کو جاری رکھیں۔ ’’امت‘‘ کو اپنی روایت قائم رکھنے والا بنادے۔ رفیق افغان کے روزنامے کو ان کے جانے کے بعد بھی قادیانیت کے خلاف تحفظ ختم نبوت پر پہرا دینے والا بنائے رکھنا۔ یا اللہ، مرحوم رفیق افغان نے گستاخ رسول کے خلاف، گستاخ صحابہ کے خلاف آواز بلند کی۔ اپنے محبوب کے صدقے ان کی مغفرت فرمادے۔ یا اللہ، عورت مارچ میں ہونے والی گستاخیوں پر رفیق افغان کی کوششوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرما دے۔ ان کی اس کوشش کو ان کی اولادوں اور ان کی ٹیم پر قائم و دائم رکھ اور یہ سلسلہ چلتا رہے۔ جو رفیق افغان کے لیے صدقہ جاریہ ثابت ہو۔ تحفظ ناموس رسالت اور ختم نبوت کے معاملے پر رفیق افغان نے جو مثال چھوڑی ہے۔ اسے صبح قیامت تک قائم و دائم کردے۔ یا اللہ، لاکھوں کروڑوں دعائیں رفیق افغان کے لئے کی جارہی ہیں۔ انہیں اپنے نیک بندوں میں شامل فرمادے۔ اے اللہ، تو ان کی قبر کو بہت زیادہ منور فرمادے۔ ان کے درجات بلند فرما دے اور صدقہ جاریہ کو ہمیشہ کے لیے ان کے نامہ اعمال میں شامل فرمادے۔ یا اللہ، ہم گواہ ہیں۔ ہم نے کسی صحافی کی طرف سے اتنا بڑا جہاد نہیں دیکھا جتنا رفیق افغان نے کیا ہو۔ یا اللہ، رفیق افغان ایک سچے عاشق رسول ہیں۔ ہم گواہی دیتے ہیں کہ انہوں نے سچے عاشق نبی ہونے کا ہمیشہ ثبوت دیا اور ناموس کے معاملے میں کسی کی پروا نہیں کی۔