بلوچستان میں بھی یومِ استحصالِ کشمیر منایا گیا۔ کوئٹہ میں گورنر سید ظہور احمد آغا کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔شہر کے تمام اہم مختلف مقامات پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بینرز اور پوسٹرز آویزاں کیے گئے، اندرون بلوچستان میں بھی یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے ریلیاں نکالی گئیں۔
یومِ استحصال کشمیر کے سلسلے میں کوئٹہ کے گورنر ہاؤس سے ریلی کا اغاز ہوا جس کی قیادت گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے کی، ریلی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکا سے خطاب میں صوبائی گورنر کا کہنا تھا کہ یوم استحصال کشمیر پر ریلی کا مقصد کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرنا ہے۔ریلی شہر کے مختلف روڈز سے ہوتے ہوئے شہید فیاض سنبل چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
یوم استحصال کشمیر کےموقع پر کوئٹہ شہر کے مختلف مقامات پر کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لئے بینرز اور پوسٹرز آویزاں کئے گئے، ان پوسٹرز اور بینرز پر مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں پر ڈھائے گئے مظالم کی بھرپور عکاسی کی گئی ہے۔بلوچستان کے دیگر شہروں میں یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے ریلیاں نکالی گئیں۔