دن کا آغاز ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اورخوشحالی کے لیے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوگا۔فائل فوٹو
دن کا آغاز ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اورخوشحالی کے لیے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوگا۔فائل فوٹو

وطن عزیز کا 73 واں یوم آزادی کل ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا

اسلام آباد:وطن عزیز کا 73 واں یوم آزادی کل 14 اگست کوملک  بھر میں روایتی و ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا، دن کا آغاز ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اورخوشحالی کے لیے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوگا، مزار قائد اور مزاراقبال پر گارڈزکی تبدیلی کی پر وقار تقریبات ہوں گی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی ہوگی، صدر اور وزیر اعظم قوم کے نام خصوصی پیغامات جاری کیے جائیں گے، یوم آزادی مناتے ہوئے بھارتی مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا بھی اظہارکیا جائے گا اور بھارتی جبر غیر قانونی فوجی محاصرے، لاک ڈائون اور مظالم کی مذمت کی جائے گی ـ

ملک کا 73 واں یوم آزادی اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جائے گا کہ اس مملکت خدادا پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی نئی منازل پر پہنچانے کے لئے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں چھوڑا جائے گا۔ پوری قوم 14 اگست کو وطن عزیزکا 73 واں یوم آزادی روایتی و ملی جوش و جذبے اور آزادی کی تحریک میں شریک اپنے پرکھوں کی عظیم قربانیوں کی یادکو تازہ رکھنے کے عزم کے ساتھ منائے گی۔

یوم آزادی کے موقع پر دن کا آغاز ملک کی ترقی سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہو گا جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی ہوگی۔ ملک بھر میں صبح 8 بج کر 58 منٹ سے صبح 9 بجے تک مکمل خاموشی اختیار کر کے سائرن بجا کر پرچم کشائی کی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس دوران سڑکوں پر ٹریفک، ریل گاڑیوں اور بحری جہازوں کی نقل و حمل ایک منٹ کے لیے مکمل رک جائے گی۔ وزیر اعظم عمران خان وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس تقریب میں وفاقی وزرائ اور اعلی سطحی افسران شرکت کریں گے۔

صوبائی دارالحکومتوں اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات بیک وقت منعقد ہوں گی جبکہ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں بھی یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ ریاستی ادارے اور سیاسی جماعتیں بھی یوم آزادی کے حوالے سے مختلف تقاریب منعقد کریں گی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور دیگر اداروں کے سربراہان کی طرف سے بھی یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی پیغامات جاری کیے جائیں گے جن میں یوم آزادی کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔

ملک بھر میں عوام نے اپنے اپنے رنگا رنگ انداز میں یوم آزادی منانے کے لئے تیاریاں جاری ہیں یہ سلسلہ آزادی کی صبح تک جاری رہے گا۔ سرکاری اور نجی عمارتوں پر چراغاں ہو گا جبکہ قومی پرچموں کی ہر سو بہار ہو گی اور فضائیں ملی نغموں کی صدائوں سے گونجیں گی۔