لاہور: پنجاب حکومت نے جہانگیر ترین گروپ کا شیرازہ بکھیرنے کا ٹاسک ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان کو سونپ دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق حکومت پنجاب نے اپنے ناراض ساتھیوں کو منانے کے لیے نئی حکمت عملی اپنا لی ہے اورپنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان کو ترین گروپ کو ڈمی بنانے کے حوالے سے اہم ٹاسک دیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان کا ترین گروپ کے ارکان سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے اورذرائع کا کہنا ہے کہ فیاض الحسن چوہان نے ترین گروپ کے عبدالحئی دستی اور سردار خرم لغاری سے رابطہ کیا ہے اوران سے ملاقات بھی کی ہے۔
ذرائع کے مطابق فیاض الحسن چوہان وزیر اعظم اور وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پرترین گروپ سے رابطے کر رہے ہیں، ان ارکان کو رابطوں کے ذریعے پارٹی ڈسپلن کا پابند بنایا جائے گا اوران کے حلقوں میں ترجیحی بنیادوں پر مسائل کو حل کیا جائے گا۔ جبکہ فیاض الحسن چوہان ترین گروپ کے دیگر ارکان سے بھی مرحلہ وار رابطہ کریں گے۔