بلوچستان: بولان کے علاقے مارواڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 کان کن جاں بحق ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مارواڑ میں واقع کوئلے کی کانوں کے قریب پیر اور منگل کی درمیانی رات نامعلوم افراد فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، فائرنگ سے 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
لیویز حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے چاروں افراد مزدور تھے اور وہ کوئلے کی کانوں میں کان کنی کرتے تھے، لاشوں کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے، کسی تنظیم نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی جب کہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس مارچ میں بھی اسی علاقے میں 6 کان کنوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔