لاہور:نیب نے شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کے اثاثہ جات قبضے میں لینے کیلیے کاروائی کا آغاز کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیب نے شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد علی عمران یوسف کے اثاثہ جات قبضے میں لینے کیلیے کاروائی کا آغاز کردیا ہے، اس حوالے سے نیب نے ملزمان کے اثاثہ جات کی مکمل تفصیلات کیلئے رجسٹریشن اتھارٹیز کو مراسلے بھی جاری کردیے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ نیب نے محکمہ ایکسائز پنجاب، محکمہ کوآپریٹو، اسٹیٹ بینک، ایس ای سی پی، ایل ڈی اے اور ڈپٹی کمشنرلاہورکو خط جاری کیے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ علی عمران اور رابعہ عمران کے نام پر موجود گاڑیوں، پلاٹس، رہائشی مکانات اورکمرشل پراپرٹی کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق نیب تمام پراپرٹی اور اثاثہ جات کی فہرست مکمل ہونے پر قبضے کی کارروائی کرے گا۔ احتساب عدالت نے ملزمان کو مسلسل غیر حاضری پر مفرور ملزم قرار دیتے اثاثہ جات قبضے میں لینے کی ہدایات کی تھیں۔