اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں قانون کی بالا دستی نہیں اس لیے قبضہ گروپ متحرک ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سب کچھ دیا سیاست میں آنے کی ضرورت نہیں تھی، 25 سال پہلے پارٹی کا آغازکیا تواس کا نام انصاف کی تحریک رکھا، سیاست میں اس لیے آیا کہ ملک کے لیے کچھ کرسکوں، خواہش تھی کہ تعلیم، صحت اورانصاف کا نظام مضبوط ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ پرویزمشرف نے این آراودیکر سب سے بڑا جرم کیا، اب تو سارے اکٹھے ہوکر کہتے ہیں ہمیں این آراو دیں۔ ملک میں خوشحالی اس وقت آئے گی جب قانون کی بالادستی ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیرت النبی پرعمل سے ہمارے آدھے مسائل حل ہوجائیں گے، وہ قومیں آگے بڑھتی ہیں جہاں قانون کی بالادستی ہو۔ قانون کی بالا دستی نہ ہونے سے ہم پیچھے رہ گئے، بنگلہ دیش اوربھارت ترقی میں پاکستان سے آگے نکل گیا کیونکہ وہاں قانون ہے۔ کوئی بھی قوم قانون کی حکمرانی کے باعث آگے بڑھتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ عدلیہ آزادی کے وہ نتائج نہیں آئے جو آنے چاہیے تھے، طاقتور ہمیشہ قانون سے اوپر رہنا چاہتا ہے، اوورسیز پاکستانی ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، تارکین وطن ملک میں پلاٹ لیں تو قبضہ ہو جاتا ہے، لندن میں قبضہ گروپ اس لیے نہیں کیونکہ وہاں قانون ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان میں امیر اورغریب کیلیے الگ قانون ہمارا سب سے بڑا المیہ ہے، ملک آزاد عدلیہ کی وجہ سے ہی ترقی کرسکتا ہے، کمزور کو انصاف چاہیے، طاقتور قانون سے اوپر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے گرین ایریاز کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔