سرٹیفکیٹ کے اجرا سمیت بعض رکاوٹوں کے سبب حلال مصنوعات کی پہچان مشکل تھی-فائل فوٹو
سرٹیفکیٹ کے اجرا سمیت بعض رکاوٹوں کے سبب حلال مصنوعات کی پہچان مشکل تھی-فائل فوٹو

حلال مصنوعات کی پہچان آسان۔ موبائل ایپ تیار

دنیا بھر میں مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر حلال مصنوعات کی مانگ میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ حلال مارکیٹ میں انٹری کے لیے حلال سرٹیفکیٹ کا ہونا ضروری ہے۔ حلال مصنوعات صرف کھانے پینے کی چیزوں تک محدود نہیں بلکہ کئی ایک دیگر مصنوعات جیسے کاسمیٹکس، ٹوریسم، نقل و حمل اورادویات وغیرہ کی اشیا حلال مصنوعات میں شامل ہیں۔
حلال مصنوعات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے سبب درست مارکیٹنگ نہ ہونے کی وجہ سے بہت سی مصنوعات کے حوالے سے حلال سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہوتا۔ اس لیے ان چیزوں کی دستیابی میں مشکلات درپیش ہیں اور مارکیٹ میں موجود کسی ایسی چیز کے بارے میں جس پر حلال کا لیبل یا لوگو موجود نہ ہو، حلال یا حرام ہونے کا پتہ چلانا مشکل ہو جاتا ہے۔ پھر جن مصنوعات پر حلال کا لیبل یا لوگو بھی موجود ہو، ان کے بھی سو فیصد حلال ہونے کا یقین نہیں کیا جاسکتا۔ کیونکہ بہت سی کمپنیاں اپنی مصنوعات کے فروع کیلیے غیر معتبر طریقے سے بھی حلال سرٹیفکیٹ حاصل کر لیتی ہیں۔ان مشکلات کو دیکھتے ہوئے اسٹارٹ اپ اور بعض دیگر کمپنیوں نے کوشش کی ہے کہ حلال مصنوعات کو ڈھونڈنے میں معاونت فراہم کی جائے تاکہ حلال مصنوعات تک آسان دستیابی ممکن ہو۔ اس حوالے سے اب دو موبائل ایپلی کیشنز تیار کی جا چکی ہیں۔
ان ایپ میں سے ایک کا نام اسکن حلال(Halal Scan) ہے، جو شکاگو کمپنی کی تیار کردہ ہے اور بین الاقوامی سطح پر حلال مصنوعات ڈھونڈنے میں مدد کرتی ہے۔ حلال اسکن کے مطابق حلال اشیا تک آسان رسائی دنیا بھر میں اس ایپ کے ذریعے سے ممکن بنائی گئی ہے۔ اور یہ کمپنی بغیر کسی سیاسی یا مذہبی حمایت کے کام کر رہی ہے۔ حلال اسکن دنیا کے مختلف ممالک میں منعقدہ حلال کانفرنسوں اور سیمیناروں میں شریک ہوتی ہے، یہ اس وقت صرف امریکہ میں کام کر رہی ہے، مگر جلد یورپی ممالک میں اس کو فعال کیا جائے گا۔
ایک اور ایپ ’’تصدیق حلال‘‘ (Halal Verify) ہے، جو حلال مارکیٹ میں کام کر رہی ہے، ملائیشیا کی تیارکردہ اس ایپ کو مختلف مصنوعات کی خریداری کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ’’تصدیق حلال ایپ‘‘ ملائیشیائی اسلامی ڈیولپمنٹ ادارے کی کاوش ہے، جو معیاری حلال مصنوعات تک رسائی کو ممکن بناتی ہے۔ اسے موبائل میں ڈائون لوڈ کرنے کے بعد بتائے ہوئے طریقے پرعمل کرکے کسی بھی چیز کے حلال ہونے کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب ملائیشیا میں حلال اشیا کی ایک نمائش منعقد کی گئی۔ منتظمین کے مطابق اس نمائش کے اہتمام سے پوری دنیا کی مارکیٹوں کے لیے حلال مصنوعات کی فراہمی آسان ہوگی۔MIHAS حلال مصنوعات کی سب سے بڑی نمائش ہے، جس میں بارہ ارکان حلال مصنوعات کے ساتھ شریک ہیں۔ نمائش میں تعلیمی، ادویات، سروسز، ڈریسز اور مالی و کاسمیٹکس کے حوالے سے مصنوعات شامل ہیں۔
نمائش میں 549 چھوٹی اور بڑی کمپنیاں دنیا کے چالیس ممالک سے شریک ہیں اور نمائش 13 دسمبر تک جاری رہے گی۔ اس نمایش میں آن لاین طریقے سے بھی رابطے اور خریداری کی سہولت موجود ہوگی۔ ملائیشیا کی حلال مصنوعات کی مختلف کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں، جس میں حلال تجارت اور خواتین کے کردار کو نمایاں پیش کرنے کی کاوش ہوگی۔ پچھلے برس دنیا کی کل آبادی کا 24.9 فیصد حصہ مسلمانوں پر مشتمل تھا اور جنوبی کوریا کے حلال کمیشن کے مطابق اس حوالے سے 3.74 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جاتی ہے۔