وزارت پارلیمانی امور نے معاملے پر صدر مملکت کو سمری بھیج دی ۔فائل فوٹو
وزارت پارلیمانی امور نے معاملے پر صدر مملکت کو سمری بھیج دی ۔فائل فوٹو

حکومت کا ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کا فیصلہ

اسلام آباد:حکومت نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا جس میں کابینہ کل ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری پرفیصلہ کرے گی اس کے علاوہ کابینہ 14 نکاتی ایجنڈے بھی پر غورکرے گی۔

وفاقی کابینہ کو 20 ریگولیٹری اتھارٹیز کے چیئرمین اورارکان کے معاوضوں پر رپورٹ پیش کی جائے گی، کابینہ نئی رویت ہلال کمیٹی کے لیے قانون سازی کی منظوری دے گی اور ہیوی کمرشل گاڑیوں پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹیز کم کرنے کی منظوری دے گی۔

اجلاس میں 14  اگست 2021 کو ایف بی آر ڈیٹا پر سائبر حملے کے تناظر میں آپریشنل ایمرجنسی نافذ کرنے کی منظوری دی جائے گی جب کہ کابینہ پینل سرچارج کے خاتمے، نادرا ممبر کی تعیناتی، قائداعظم فاونڈیشن ایکٹ 2021 کی بھی منظوری دے گی جب کہ وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔

وفاقی کابینہ دیامر بھاشا ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری دے گی اور کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی جب کہ بیورو آف امیگریشن اور اوورسیز ایمپلائمنٹ کے ایمرگرینٹس پروٹیکٹر کے تبادلے کی منظوری، کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق اورکابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔