قرآن کریم کی تصریح کے مطابق ساری مخلوقات (زبانِ حال سے) اپنے خالق کی تسبیح و تقدیس میں مصروف ہیں۔ لیکن انسان ان کی تسبیح کو سمجھنے سے قاصر ہے۔ مگر اردنی ڈینٹلسٹ نے ایک طوطے کی ایسی تربیت کی ہے کہ وہ قرآن کریم کی تلاوت کے ساتھ درود شریف، کلمہ شہادت اور بعض اذکار انتہائی خوبصورت انداز میں ادا کرتا ہے کہ سننے والے حیران رہ جاتے ہیں۔
’’مدلل‘‘ نامی اس طوطے کی ویڈیو سماجی روابط کی ویب سائٹس پر وائرل ہو چکی ہے۔ الجزیرہ اور اسکائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اردن کے ایک چھوٹی سی ڈینٹل لیبارٹری کے مالک حسین السوالمہ کو پرندے پالنے کا بہت شوق ہے۔ ان کی لیبارٹری میں انواع و اقسام کے پرندے موجود ہیں۔ لیکن ان میں سے ’’مدلل‘‘ نامی طوطے کی ان دنوں سوشل میڈیا میں بہت چرچا ہے۔
حسین السوالمہ کے مطابق ’’مدلل‘‘ طوطوں کی کاسکو (Casco) نسل سے تعلق رکھتا ہے۔ جسے بولی سیکھنے والے پرندوں میں سب سے ہوشیار سمجھا جاتا ہے۔ گرے کلر کے اس طوطے کو حسین السوالمہ نے اس وقت خریدا تھا، جب اس کی عمر 6 ماہ تھی۔ وہ گزشتہ 5 برسوں سے اس طوطے کی تربیت کر رہے ہیں۔ تاہم وہ اسے عام الفاظ کے بجائے قرآن کریم کی آخری تین چھوٹی سورتیں سکھا چکے ہیں۔ جن میں سورۂ لہب، سورۂ اخلاص اور سورۃ الکوثر شامل ہیں۔ مدلل مذکورہ سورتوں کو کسی اچھے قاری کی طرح عمدہ ادائی اور خوبصورت آواز کے ساتھ پڑھتا ہے۔ تاہم سورۃ الاخلاص کی آخری آیت میں لفظ ’’کفواً‘‘ کی ادائی اس کیلئے کافی مشکل ہے۔ ان سورتوں کے بعد حسین السوالمہ مدلل کو مزید سورتیں یاد کرا رہے ہیں۔ جبکہ شہادتین، درود شریف، ذکر و اذکار کے بھی کئی کلمات مدلل کو اَزبر ہیں۔ علاوہ ازیں سلام اور الوداع وغیرہ کے مختلف الفاظ بھی وہ رٹ چکا ہے۔
حسین السوالمہ کا تعلق اردن کے دارالحکومت عمان سے ہے۔ ان کی ڈینٹل لیبارٹری ہر وقت اس طوطے کی وجہ سے خدا کے ذکر اور اس کے کلام کی تلاوت سے گونجتی رہتی ہے۔ ’’مدلل‘‘ خود تو ذکر الٰہی میں مصروف رہتا ہی ہے، وہ جسے بھی دیکھتا ہے، اسے بھی ’’صل علی النبی، صل علی النبی‘‘ کہہ کر درود شریف پڑھنے کا حکم دیتا ہے۔ حسین السوالمہ کا کہنا ہے کہ ’’مدلل کی اس خصوصیت کی وجہ سے مجھے اسے بہت محبت ہے۔ اب ہمارے گھر کا ایک فرد بن چکا ہے۔ میں اس کا اپنے بچوں کی طرح خاص خیال رکھتا ہوں۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی چھوٹا سا بچہ آپ کو قرآن کریم کی تلاوت سنائے تو عجیب لگتا ہے، لیکن جب پرندہ کلام الٰہی راونی سے پڑھے تو یہ میرے خیال میں معجزہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق کاسکو نسل کے طوطے عموماً 30 تک الفاظ رٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مگر حسین السوالمہ کی تربیت سے مدلل350 الفاظ یاد کر چکا ہے، جن میں کفوا جیسے مشکل ادائی والے الفاظ بھی شامل ہیں۔ حسین کو امید ہے کہ وہ مدلل کو ایک ہزار الفاظ تک یاد کرائیں گے۔
سوشل میڈیا میں اس طوطے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد عالمی ذرائع ابلاغ حسین السوالمہ کی لیبارٹری کا دورہ کر کے مدلل پر رپورٹ بنا چکے ہیں۔ جن میں امریکی چینل اسکائی نیوز اور الجزیرہ بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ایک ہفتے کے دوران اس طوطے کی ویڈیو دس لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔ حسین السوالمہ کے مطابق مختلف پرندے انسانی بولی سیکھ لیتے ہیں۔ مگر مدلل جس عمدہ انداز اور حسن تجوید کے ساتھ قرآنی سورتوں اور اسلامی کلمات کو ادا کرتا ہے، اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔
حسین السوالمہ نے پہلے اس طوطے کو ہر سورت کے مفردات یاد کرانے شروع کیے۔ جب مفردات ازبر ہوگئے تو اس کے بعد اسے پوری آیت یاد کرائی جانے لگی۔ واضح رہے کہ حسین السوالمہ کے تربیت یافتہ طوطے مدلل کے علاوہ ایک آسٹریلوی عالم دین کا پالتو طوطا بھی قرآن کریم کی بعض آیات تلاوت کرتا ہے۔ اس کی ویڈیوز بھی یوٹیوب وغیرہ میں لاکھوں بار دیکھی جا چکی ہیں۔