اسلام اباد :ایڈیشنل سیشن کورٹ نے سیکٹرای 11 لڑکا لڑکی برہنہ کیس میں عثمان مرزا سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن کورٹ کے جج عطا ربانی کے روبرو سیکٹرای 11 لڑکا لڑکی برہنہ کیس کی سماعت ہوئی۔ پبلک پراسیکیوٹر حسن عباس عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت دیگر ملزمان کے کیس کا باقاعدہ ٹرائل شروع ہوا۔
دوران سماعت عدالت نے مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت 7 ملزمان حافظ عطاالرحمان، ادارس قیوم بٹ ، ریحان، عمر بلال مروت، محب بنگش اور فرحان شاہین پر فرد جرم عائد کردی۔ عدالت نے فرد جرم کی نقول ملزمان کو فراہم کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ کیس کی مزید سماعت 12 اکتوبر کو ہوگی۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے تین شریک ملزمان کی ضمانتیں خارج کرتے ہوئے کیس کا ٹرائل دو ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔