میں تمام لوگوں کی شکر گزار ہوں کہ میرے والد کو اتنی عزت بخشی۔فائل فوٹو
میں تمام لوگوں کی شکر گزار ہوں کہ میرے والد کو اتنی عزت بخشی۔فائل فوٹو

ڈاکٹرعبدالقدیرکو سرکاری اعزاز کےساتھ سپرد خاک کر دیا گیا

اسلام آباد:ایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیرکی نماز جنازہ فیصل مسجد میں اداکر دی گئی،نماز جنازہ پروفیسر ڈاکٹرمحمد الغزالی نے پڑھائی، وفاقی وزرا، ارکین پارلیمنٹ ،عسکری قیادت اور شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

ڈاکٹر عبدالقدیر کی نماز جنازہ کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، نماز جنازہ کے دوران بارش بھی ہوتی رہی،بعد ازاں انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

نماز جنازہ سے قبل محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پاک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی جب کہ نماز جنازہ کے موقع پر بارش بھی ہوتی رہی۔

بتایا گیا ہے کہ نماز جنازہ کے موقع پر عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، سیکیورٹی اداروں نے اس دوران سخت حفاظتی انتظامات کررکھے تھے۔ ڈاکٹراے کیو خان کی تدفین اسلام آباد کے ایچ 8 قبرستان میں مکمل سرکاری اعزازکے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے نماز جنازہ کے حوالے سے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ تیز بارش میں فیصل مسجد اور باہر سڑکوں پر لاتعداد لوگوں کو ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے جنازے میں شرکت کے لئے آتے دیکھ کر پتہ چل رہا ہے کہ یہ قوم اپنے محسنوں کو فراموش نہیں کرتی۔ مسجد سے واپسی پر کم سے کم ایک میل تک لوگ مسجد کی طرف جاتے نظر آ رہے تھے جو رش کی وجہ سے وقت پر نہیں پہنچ سکے۔

یاد رہے کہ ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان آج صبح مقامی ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔ گذشتہ شب پھیپھڑوں کے عارضے کے سبب ان کی طبعیت خراب ہوئی جس پرانہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، آئی سی یو میں ڈاکٹروں کی جان توڑ کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے۔ صدر، وزیراعظم سمیت سیاسی رہنمائوں اور عسکری قیادت نے ان کی وفات پر شدید رنج و غم کا اظہارکیا ہے۔