کام نہ کرنے پر سنگدل باپ نے 15سالہ بیٹی کو زنجیروں سے جکڑ دیا۔
عارف والا میں پولیس نے زنجیروں میں جکڑی اور تشدد کا شکار حقیقی بیٹی کو بازیاب کرواکر باپ کو گرفتارکرلیا۔
پولیس کے مطابق عارف والا کے محلہ ضیا نگر میں والدین نے اپنی ہی بیٹی کو کام نہ کرنے پر زنجیروں سے باندھ رکھا تھا اور وہ اسے تشدد کا نشانہ بھی بناتے تھے۔
اہل علاقہ کی نشاندہی پر 15 سالہ بانو بی بی کو گھر سے بازیاب کروا لیا گیا، بازیاب ہونے والی لڑکی نے بھی یہی بیان دیا کہ والدین تشدد کرتے اورزنجیروں سے باندھ کر رکھتے تھے۔لڑکی کے والد نے پولیس کو بتایا کہ بیٹی متعدد بار گھر سے بھاگ کر دارالامان گئی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی کے باپ کو گرفتارکرکے پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا جب کہ بچی کو دارالامان بھجوا دیا گیا ہے۔