حیدر آباد کے علاقے قاسم آباد میں مختارِکارماجد خاصخیلی کے گھر سے لاش ملنے کے بعد ہنگامہ آرائی میں مختار کار اور دو بھائی شدید زخمی ہو گئے۔
ڈی آئی جی شرجیل کھرل کے مطابق مشتعل افراد نے مختارِ کار ماجد خاصخیلی کے گھر کا گھیراؤکرلیا اور فائرنگ کی۔فائرنگ کے نتیجے میں مختارِ کار ماجد خاصخیلی اوران کے 2 بھائی زخمی ہو گئے۔
کمشنر عباس بلوچ کا کہنا ہے کہ مختارِ کار ماجد خاصخیلی کی حالت تشویش ناک ہے۔انہوں نے بتایا کہ ماجد خاصخیلی اوران کے بھائی کو علاج کے لیے کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔
کمشنر عباس بلوچ نے یہ بھی بتایا کہ احتجاج کے دوران مظاہرین نے ایس ایچ اوکا سر پھاڑدیا،جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
حملے کی وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مشتعل افراد نے ماجد خاصخیلی اور پولیس اہلکار پر ڈنڈوں سے تشدد کیا۔
بعد ازاں پولیس اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، جس کے بعد مظاہرین منتشر ہونے لگے۔مظاہرین کے منتشر ہونے کے بعد ہائی وے پر ٹریفک بحال ہونا شروع ہو گیا۔