کراچی: نسلہ ٹاورکے رہائشیوں کو 27اکتوبر تک بلڈنگ خالی کرنے کے لیے نوٹس جاری کر دیا گیا، نوٹس ضلعی انتطامیہ شرقی کی جانب سے جاری کیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد نے نوٹس میں کہا کہ سپریم کورٹ نے نظر ثانی درخواست مسترد کر دی ہے ، کمشنر کراچی کو اعلیٰ عدلیہ کی ہدایت پر عملدرآمد کی رپورٹ جمع کرانا ہے لہٰذا 27 اکتوبر تک عمارت خالی کردی جائے ۔اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد نے نوٹس میں کہا کہ بلڈنگ خالی نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی ۔
واضح رہے کہ 22 ستمبر کو سپریم کورٹ رجسٹری کراچی میں چیف جسٹس گلزار احمد اور جسٹس اعجاز الحسن نے نسلہ ٹاور نظر ثانی کیس کی سماعت کی تھی ۔
سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور گرانے سے متعلق نظر ثانی کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے کمشنر کراچی کو ایک ماہ میں ٹاور خالی کرانے کا حکم دیا تھا۔