لانگ مارچ میں تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر ہوں گی۔فائل فوٹو
 لانگ مارچ میں تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر ہوں گی۔فائل فوٹو

پی ڈی ایم کا مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے حالیہ مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ اس حکومت نے ملک کو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف) کی چراگاہ بنا دیا ہے، مہنگائی کے خلاف دو ہفتوں پر مشتمل ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے شاہد خاقان عباسی اور محمود خان اچکزئی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت جعلی ہونے کے ساتھ ساتھ نااہل اور نالائق بھی ہے، اس وقت عوام کی زندگی مہنگائی کے باعث شدید متاثر ہوچکی ہے، حکومت ملک اور قوم کے مفادات کی بجائے آئی ایم ایف کے مفادات کا تحفظ کررہی ہے، حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کی چراہ گاہ بنادیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک پر کرپٹ ترین حکومت مسلط ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اضافے نے تمام شعبوں سے وابستہ افراد کو یکساں متاثر کیا ہے، پی ڈی ایم عام آدمی کی آواز بن کر میدان میں نکلی ہے، ان کو رخصت کرکے ہی ملک بہتری کی جانب آسکتا ہے۔

انہوں نے مہنگائی  کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں دو ہفتوں کیلئے احتجاج کیا جائے گا، ہر ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ ملکی قرضے 25 ہزار سے بڑھ کر 45 ہزار ہوگیا ہے، معاشی شرح نمو 5 اعشاریہ 8 فیصد سے زیرو ہوگیا، کرپٹ جعلی حکمرانوں کو قوم پر مسلط ہونے کا حق نہیں، عوام پیٹرولیم مصنوعات کے بوجھ تلے دب گئے ہیں، پندرہ جون سے اب تک 30 روپے ستر پیسے پیٹرول بڑھ گیا، حکومت ملک و قوم کے مفادات کے تحفظ کی بجائے آئی ایم ایف کی چوکیدار بن گئی ہے، قوم کی قیادت غلامانہ ذہنیت کے لوگوں کے پاس ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کی چراگاہ بنا دیا ہے، پی ڈی ایم کہہ چکی ہے کہ سلیکٹڈ نااہل اورنالائق حکومت ناکام ہوچکی، کرپٹ ترین حکومت ہے، کون ذمہ دار سلیکٹڈ یا سلیکٹرز؟

ایک صحافی نے سوال کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی سول بالادستی کی تحریک کی دعوت پر ساتھ دیں گے؟ اس کے جواب میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ میں آپ کے سوال میں عمران خان کو وزیر اعظم کہنے پر احتجاج کرتا ہوں، ہم عمران خان کا کسی قسم کا ساتھ نہیں دیں گے۔