لاہور:اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ یہ حکومت جتنی دیر اقتدار میں رہے گی، معیشت مزید تباہ ہو گی۔ حمزہ شہباز نے مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کا عندیہ دے دیا۔ احتساب عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کے خلاف نیب ریفرنسز پر کارروائی 5نومبر تک ملتوی کردی۔
احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال، رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ ریفرنسز پر سماعت ہوئی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف روسٹرم پر آئے اور عدالت سے قومی اسمبلی کے اجلاس کے باعث کارروائی ملتوی کرنے کی استدعا کی۔
شہبازشریف کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ترمیمی آرڈیننس کے بعد گواہ کے بیانات ریکارڈ ہوتے وقت ویڈیو ریکارڈنگ ضروری ہے، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اس معاملے کو دیکھ لیں گے، عدالت نے کارروائی5 نومبر تک ملتوی کردی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں شہبازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو تباہی قرار دے دیا۔ بولے یہ حکومت جتنی دیر اقتدار میں رہے گی، معیشت مزید تباہ ہو گی۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے عدالت پیشی کے موقع پر گفتگو میں کہا کہ مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے۔ حمزہ شہباز نے دعویٰ کیا کہ مہنگائی کے باوجود آئی ایم ایف نے نئے ٹیکس لگانے کا کہا ہے۔
احتساب عدالت میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، احتساب عدالت کے اطراف میں راستوں کو خاردار تار اور رکاوٹیں کھڑی کرکے بندرکھا گیا۔