فائل فوٹو
فائل فوٹو

پٹرول اور بجلی کی قیمت مزید بڑھنے والی ہے۔ احسن اقبال

اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے قوم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ چند ہفتوں بعد پٹرول اور بجلی کی قیمت مزید بڑھنے والی ہے ، انہوں نے پہلے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ ڈیڑھ روپے اضافہ کیا ، اب پھر ڈھائی روپے اضافے کی دھمکیاں دے رہے ہیں ۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تباہ کن اضافہ مہنگائی کا ایٹم بم ہے جو عوام پر مارا گیا ہے ،ان نالائقوں نے وقت پر سودے نہیں کئے جس کے باعث دسمبر میں ملکی تاریخ کا بد ترین گیس بحران آرہا ہے ، یہ تین سال بعد بھی انرجی مینجمنٹ میں ناکام ہیں ۔

رہنما مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ ہم ایک ایٹمی طاقت ہیں مگر ہمارے حکمران ملک کو علم نجوم سے چلا رہ ہیں ، ہمارے حکمران دیکھتے ہیں کہ کچھ خاص دن ہیں جو نحوست کے نہیں ہوں گے ، دنیا ہماری طرف دیکھ کر ہنس رہی ہے ، ہمارے حکمرانوں کی توجہ صرف اپنے مخالف کے خلاف جھوٹے مقدمے بنانے اور ہاتھ میں ایمانداری کی تسبیح پکڑ کر لوٹ مار کرنے پر ہے ، یہاں کوئی فیصلہ سازی کا نظام نہیں بچا، کوئی ادارہ نہیں بچا، معیشت کا یہ حال ہے کہ عام آدمی چیخ رہا ہے ، خود پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ووٹرز دہائیاں دے رہے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کے دعویدار بتائیں کہ کیا ریاست مدینہ میں عوام کی چیخیں نکلتی تھیں ، کیا جھوٹے مقدمات بنائے جاتے تھے یا عدالتوں کی بے توقیری کی جاتی تھی ، کیا ریاست مدینہ میں نالائقوں کو حکمران لگایا جاتا تھا، کیا وہاں حکمران خود عیش کرتے اورغریب غربت کی آگ میں جلتے تھے ۔