اسلام آباد:سپریم کورٹ نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیدیا ۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کی درخواست ضمانت منظورکرلی گئی ہے اورانہیں ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم جاری کر دیا ۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ سید خورشید شاہ کا نام ای سی ایل میں رہے گا۔ سید خورشید شاہ ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں۔
خورشید شاہ گزشتہ دو سال سے آمدن سے زائد اثاثہ کے کیس میں جیل میں قید تھے ۔سپریم کورٹ کے جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی ۔
یاد رہے کہ نیب نے خورشید شاہ کو 18 ستمبر 2019 کو گرفتارکیا تھا اورایک ارب 30 کروڑ روپے کا ریفرنس دائرکیا گیا۔
خورشید شاہ کی اہلیہ، 2 بیٹے، بھتیجے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سمیت 18افراد ریفرنس میں نامزد تھے۔ عدالت نے 70 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد خورشید کو 19 نومبر 2019 کو جیل بھیجا۔
خورشید شاہ کی جانب سے ضمانت کے لیے سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں درخواست دائر کی۔عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے معاملہ نیب کورٹ کو بھیج دیا تھا۔