مانچسٹر:گورنراسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے کچھ لوگوں کو نقصان اورکچھ کو فائدہ ہو رہا ہے۔
مانچسٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈالرکی قیمت بڑھنے سے جن لوگوں کو فائدہ ہو رہا ہے ان کو نہیں بھولنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی جب اپنے گھروالوں کو پیسے بھیجتے ہیں تو ڈالر کی قیمت اوپر جانے سے ان کے پیسے بڑھ جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایکسچینج ریٹ بڑھنے سے اشیاکی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، لیکن روپے کی قدر گرنے سے اوورسیز پاکستانیز کو فائدہ بھی پہنچا ہے۔
گورنراسٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان میں مصنوعی مہنگائی پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔ آئی ایم ایف سے کوئی ایسامعاہدہ نہیں کریں گے جس سے ملکی معیشت کونقصان ہو۔
رضا باقر نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات مثبت سمت میں چل رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کےساتھ معاہدے کی تفصیلات سب کے سامنے آئیں گی۔پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں۔ ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکل جائیں گے۔