لاہور: کالعدم تنظیم تحریکِ لبیک کے کارکنوں کا دھرنا جاری ہے اورگذشتہ رات لاہوراورراولپنڈی میں پولیس نے جماعت کے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور پولیس نے اورنج لائن ٹرین سروس کی انتظامیہ کی درخواست پر تحریک لبیک کے اعلی عہدیدران سمیت نامعلوم افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت ڈکیتی، اقدام قتل، دنگا فساد، دھمکیاں دینے اورغیرقانونی ہتھیار رکھنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
مقدمے کی ایف آئی آرکالعدم تحریک لبیک کے سرپرست اعلیٰ پیر قاضی محمود اعوان، مرکزی ناظم مالیات پیر محمد قاسم، امیر جنوبی پنجاب پیر سرور شاہ سیفی، امیر ہزارہ مفتی عمیر الظاہری، ناظم شمالی پنجاب مولانا غلام عباس سیفی، امیر بلوچستان مفتی وزیر قادری اورلاہورڈویژن کے مفتی عابد رضا قادری کے خلاف درج کی گئی ہے۔
ایف آئی آر میں تحریک لبیک کے لاہور، جہلم اور بہاولپوراضلاع کے عہدیدران کے نام بھی شامل ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق اورنج لائن نے سٹیشن منیجر نے پولیس کو اطلاع دی کہ ان تمام نامزد افراد نے چالیس کے پچاس نامعلوم مسلح افراد کے ہمراہ سٹیشن پر دھاوا بولا، عملے پر پیٹرول چھڑکا، جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، قیمتی اشیا لوٹیں اور اسلحے کی نمائش کی۔
نجی ٹی وی کے مطابق کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے کارکنان اور رہنماؤں کی گرفتاریوں کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے جاری ہیں، کالعدم تنظیم نے لاہورکے چوک یتیم خانہ کے قریب دھرنا دے رکھا ہے، جبکہ لاہور میں پنجاب حکومت کی جانب سے بھی ممکنہ خراب صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی الرٹ کردی گئی ہے، اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلیے پنجاب پولیس کی بھاری نفری دھرنے کے چاروں اطراف موجود ہے، دھرنے کے اطراف کے علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔
ذرائع کے مطابق شیراکوٹ، نواں کوٹ، سمن آباد، گلشن راوی، اقبال ٹاؤن اور سبزہ زار کے علاقوں میں موبائل و انٹرنیٹ سروس مکمل معطل کردی گئی ہے، واٹر کینن گاڑیاں،اینٹی رائٹٹس فورس،بڑی تعداد میں گیس شیل اور سپیشل فورسز کے دستے پہنچ چکے ہیں، کالی کوٹھی اقبال ٹاؤن، اسکیم موڑ، سوڈی وال، نیازی اڈا اور سمن آباد موڑ سے راستوں کو خاردار تاروں اور کنٹینرز کی مدد سے سیل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی بھاری موقع پر موجود ہے دیگر اضلاع سے بھی نفری لاہور پنہچ چکی کسی بھی وقت گرینڈ آپریشن ہو سکتا ہے۔