لاہور۔ بوائلر پھٹنے سے زور دار دھماکا۔ دو افرادجاں بحق

لاہور: ملتان روڈ پر واقع مشروب بنانے والی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے زور دار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں دو افرادجاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے مصروف ترین ملتان روڈ پر واقع مشروب بنانے والی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے زور دار دھماکہ ہوا، جس کے بعد فیکٹری میں ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث فیکٹری کو شدید نقصان پہنچا ہے جب کہ دھماکے کی شدت سے قریبی گھروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے والی سات گاڑیوں کی مدد سے فیکٹری آتشزدگی پر قابو پالیا گیا ہے، اب کولنگ کا عمل جاری ہے۔

ملتان روڈ واقعے میں فیکٹری آتشزدگی کی لپیٹ میں آنے والا سیکیورٹی گارڈ کا 50 فیصد جسم جھلس چکا ہے، جسے اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

فیکٹری دھماکے اور آتشزدگی واقعے میں دو افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، جس میں ایک راہ گیراورایک فیکٹری ملازم شامل ہیں۔

فیکٹری ملازم نے آتشزدگی سے بچنے کےلیے چھت سے چھلانگ لگائی جو موت کا باعث بنی جب کہ راہ گیر بوائلر پھٹنے کی آواز سے گھبرا کر بھاگ رہا تھا کہ ٹرالی سے ٹکرا گیا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرالی سے ٹکرانے کے باعث 32 سالہ راہ گیر کے سر پرچوٹ لگی اور وہ جان کی بازی ہار گیا۔