لاہور: ایک روزہ دورہ لاہور پر موجود وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات میں کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلیے فوری اقدامات کیے جائیں ۔
وزیراعظم عمران خاں کو مہنگائی، امن و امان کی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریف کیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، چیف سیکریٹری پنجاب کامران علی اور آئی جی پنجاب راؤ سردار علی بھی اس ملاقات میں شریک ہوئے۔ وزیر اعظم کو مہنگائی پر قابو پانے اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کو زیادی سے زیادہ ریلیف دیا جائے ، مہنگائی پر کنٹرول کرنے کیلیے پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کی ہیں، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈائون جاری رہے گا، پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کریں ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ تمام عوامی فلاحی منصوبوں کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے گا، قانون سب کیلئے برابر ہے ، قانون کی بالا دستی کیلیے حکومت ہر ممکن قدم کر رہی ہے ۔
قبل ازیں وزیر اعظم نے زرعی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو یونیورسٹی بنانے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں گورنر پنجاب چودھری سرور نے زرعی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو یونیورسٹی بنانے کی درخواست کی، جس کی منظوری دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو یونیورسٹی کے قیام کیلئے تمام فنڈز فراہم کر نے کی بھی ہدایت جاری کی۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوام سے یونیورسٹی کے قیام کا وعدہ پور ا کر رہے ہیں۔ یونیورسٹی کی منظوری دینے پر وزیراعظم عمران خان کا بھی شکر یہ ادا کر تا ہوں۔
ایوان وزیراعلی میں ہونے والی ملاقات میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ یورپ پر بریفنگ دی۔ گورنرپنجاب نے بتایا کہ دورہ یورپ کے دوران جی ایس پی پلس میں توسیع کے لئے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کیں۔ یورپی پارلیمنٹ کے 4 نائب صدور سمیت 30 یورپی اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات ہوئی۔ برسلز، ہنگری، اٹلی میں بھی اہم ملاقاتیں کیں۔
گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کا فیصلہ پاکستان کے حق میں آئے گا، یورپی پارلیمنٹ کے اراکین امن کے لیے پاکستانی کردار کے متعرف ہیں، افغان امن عمل کے لیے پاکستانی کردار کو یورپ میں سب سراہ رہے ہیں، یورپی اراکین پارلیمنٹ نے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔