لاہور:مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کے جانے کا وقت آ گیا ہے اور اس حکومت کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اورمسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ لوگ فاکہ کشی پرمجبور ہیں اور وزیراعظم یوٹرن لے رہے ہیں لیکن اب حکومت کے جانے کا وقت آگیا ہے اوراس حکومت کو مزید برداشت نہیں کریں گے کیونکہ حکومت سے لوگ تنگ آ چکے ہیں۔
ڈینگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ڈینگی کا ٹیسٹ 90 روپے میں ہوتا تھا اور مسلم لیگ ن کے دور میں ڈینگی کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈینگی کے مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کیں اور ہمارے دور میں ڈینگی سے متعلق روزانہ کی بنیاد پراجلاس کیے گئے۔ ڈینگی سے کیسے بچا جائے پنجاب حکومت کے پاس ایک کتاب موجود ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمارا قافلہ نکل چکا ہے اوراب حکومت کو بے نقاب کریں گے۔ خطے پر سرد جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں اور افغانستان میں امن ہو گا تو اس کا فائدہ پاکستان سمیت پورے خطے کو ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع پر ہم آنچ تک نہیں آنے دیں گے اور قوم کی دعا ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔ مہنگائی پاکستان کا نمبر ون مسئلہ بن گئی ہے۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ جس نے فیصل آباد جلسے میں نعرے لگائے اس کا پارٹی سے تعلق نہیں اورعوامی جلسوں میں اداروں کے سربراہان کے خلاف نعرے لگانا قومی مفاد کے خلاف ہے۔