نسلہ ٹاور گرانے کا معاملہ۔ بجلی اور گیس کنکشن کاٹ دیے گئے

سیوریج اور پانی کی لائنیں کاٹنے کیلیے واٹربورڈ کا عملہ بھی ایکشن میں آگیا۔

               
October 26, 2021 · اہم خبریں, قومی
مقدمے کے اندراج کے بعد کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔فائل فوٹو

مقدمے کے اندراج کے بعد کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔فائل فوٹو

کراچی: سپریم کورٹ کے احکامات پر کراچی کے شارع فیصل پر قائم نسلہ ٹاورز کو گرانے کیلیے انتظامیہ اورادارے متحرک ہو گئے۔ عمارت کے بجلی اور گیس کنکشن کاٹ دیے گئے۔

نسلہ ٹاور کو فراہم کی جانے والے بجلی اور گیس کنکشن منقطع کر دیے گئے۔ سیوریج اور پانی کی لائنیں کاٹنے کیلیے واٹربورڈ کا عملہ بھی ایکشن میں آگیا ہے۔ مکینوں کی بڑی تعداد، پولیس کی نفری اور انتظامیہ نسلہ ٹاور پر موجود ہے۔

نسلہ ٹاور مسمار کرنے کیلیے اسسٹنٹ کمشنر ریونیو نے ایف ڈبلیو او اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام کو مراسلہ بھیج دیا۔ 2 روز میں ٹیکنیکل فزیبلیٹی رپورٹ بنانے کی درخواست کی گئی ہے۔ کمشنر کراچی آفس کی جانب سے دیگر اداروں کو بھی مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔

یاد رہے پیر کو چیف جسٹس گلزار احمد نے نسلہ ٹاورز گرانے کیلیے انتظامیہ کو ایک ہفتے کی مہلت دی ہے۔ سات روز میں کمشنر کراچی سے رپورٹ بھی طلب کی ہے۔