عمران خان
عمران خان

پاکستان میں پٹرول پوری دنیا سے سستا ہے۔وزیر اعظم کی دہائی

اٹک:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پٹرول پوری دنیا سے سستا ہے،غریب عوام پر مہنگائی کے اثرات کا پوری طرح سے احساس ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اٹک میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت بڑھی ، ہر وہ ملک جس کی زمین سے تیل نہیں نکلتا وہاں  پٹرول کی قیمت بڑھی ہے ،  بھارت میں پٹرول ڈھائی سو روپے کا لیٹر ہے ، بنگلہ دیش میں یہ فی لیٹر 200 کا جبکہ پاکستان میں  144 روپے کا لیٹر ہے ۔ اس وقت خطے میں سب سے سستا پٹرول اور ڈیزل پاکستان میں ہے ۔ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر اپنے ٹیکسز در گزر کر رہی ہے ، یہ ساری دنیا پر مشکل وقت ہے ، کورونا گزشتہ 100 سالوں میں آنے والی سب سے بڑی آفت ہے ۔ کورونا کے بعد اب دنیا کھل رہی ہے امید ہے سردیوں کے بعد  تیل کی قیمتیں واپس آجائیں گی ۔

ان کا کہناتھا کہ زچہ و بچہ اسپتالوں کی دور افتادہ علاقوں میں بہت ضرورت ہے، وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر صحت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، حکومت اگر علاج کی سہولت نہ دے سکے تو یہ شرمناک ہے، ہر حکومت کی اپنی اپنی ترجیحات ہوتی ہیں، ساری ترقی تھوڑے سے علاقے میں ہوئی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں پوری دنیا سے کم ہیں،بنگلہ دیش میں پٹرول دو سو روپے لٹر ہے اور پاکستان میں 145روپے ہے، بنگلہ دیش بھی ہم سے آگے نکل گیا، 2 خاندانوں کی وجہ سے ہمارا ملک بنگلہ دیش سے بھی پیچھے چلا گیا، 2 خاندانوں نے ملک کو معاشی طور پر بے حد کمزور کر دیا، ہمیں بار بار کہا گیا کہاں ہے نیا خیبرپختونخوا، 2018 میں خیبرپختونخوا نے پی ٹی آئی کو دو تہائی اکثریت دی، خیبرپختونخوا کی تاریخ ہے کبھی ایک پارٹی کو دوسری بار حکومت نہیں دیتے، ہم نے خیبرپختونخوا میں لوگوں کے حالات بہتر کیے، سیاحت کو فروغ دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عثمان بزدار تنقید کرنیوالوں کو بتائیں ہم 3 سال نہیں، 5 سال کا مینڈیٹ لے کر آئے، عوام 5 سال بعد ہماری کارکردگی دیکھیں، پہلی بار ہماری حکومت طویل المدتی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں چلنے والی 3 شوگر ملز کو بند کر دیا گیا، سندھ میں شوگر ملز بند ہونے کی وجہ سے قیمتیں بڑھ گئیں، پتا چلا جولائی سے شوگر ملز نے اسٹے آرڈر لیا ہوا ہے، سندھ میں شوگر ملز بند ہونے پر ذخیرہ اندوزوں نے چینی ذخیرہ کرنا شروع کر دی، کسی بھی مہذب معاشرے میں ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان سے اٹک کی پی ٹی آئی قیادت نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب عثمان بزداد، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت جب آئی تو اس وقت مجموعی معاشی خسارہ 20 ارب ڈالر تھا جس کی وجہ سے معاشی صورتحال مشکل تھی، ہمارا انحصار دارمدات پر ہے اس لیے جب باہر قیمتیں بڑھتی ہی تو یہاں بھی بڑھ جاتی ہیں، ہم نے دن رات محنت کی اور ایک سال میں خسارہ 20 ارب سے کم کر کے ایک ارب ڈالر پر لے آئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ دو برس میں کورونا وبا نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے لیا، پوری دنیا کی معیشت خسارے میں چلی گئی اور بین الاقوامی سطح پر بحران آیا، تاہم ہماری کامیاب پالیسیوں کی بدولت کورونا وباء کا مقابلہ کیا اوراس چیلینج سے نمٹنے میں کامیاب رہے، بین الاقوامی سطح پر ہماری کامیاب پالیسیوں کی پزیرائی کی گئی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ غریب عوام پر مہنگائی کے اثرات کا پوری طرح سے احساس ہے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے اورغریب عوام پر بوجھ کم کرنے کی خاطر حکومت اس وقت 450 ارب کا خسارہ خود سے برداشت کر رہی ہے، صحت کارڈ کا پورے صوبہ پنجاب میں آغاز کرنے لگے ہیں جس کی بدولت غریب گھرانے معیاری علاج کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے، احساس سبسڈی پروگرام وفاق اور صوبائی حکومت مل کر مستحق گھرانوں کو آٹا، دالوں اور گھی پر30 فیصد سبسڈی فراہم ہوگی، کامیاب پاکستان پروگرام 20 لاکھ گھرانوں کے لیے سود کے بغیر قرضے فراہم کرے گا، گھر تعمیر کرنے، چھوٹا کاروبار شروع کرنے، اسکلز ٹریننگ پروگرام اور چھوٹے کسان کے لیے قرضہ دیے جائیں گے، کامیاب جوان پروگرام پہلے سے ہی ملک بھر میں نوجوانوں کو قرضے فراہم کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہر گھر میں جا کر احساس سروے کیا گیا تاکہ کوئی مستحق پروگرام سے باہر نہ رہ جائے، کبھی بھی کسی حکومت نے غریبوں کے لیے اتنا کام نہں کیا، ہر سطح پراپ ان تمام پروگرامز کا فائدہ اپنے اپنے علاقوں میں غرباء تک پہنچائیں، ہمارا مقابلہ مافیاز سے ہے، کرپشن پرکوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، مقامی سطح کی قیادت متحرک ہو کر غریب اور مسحق افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام پر توجہ مرکوز کریں۔