مستقبل میں ایسے اقدام نہ کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔فائل فوٹو
مستقبل میں ایسے اقدام نہ کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔فائل فوٹو

کالعدم تحریک لبیک نے اپنے کیے پرمعذرت کرلی

لاہور:کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے حال ہی میں کیے جانے والے اپنے اقدامات پر حکومت سے معذرت کرلی اور مستقبل میں ایسا عمل نہ کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

نجی ٹی وی کے مطابق کالعدم جماعت اور حکومت کے درمیان کیا معاہدہ ہوا؟ اس کی تفصیلات سامنے ائی ہیں، کالعدم ٹی ایل پی کی جانب سے حکومت کو درخواست دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

جماعت کی مرکزی شوریٰ کے عہدیدارغلام غوث اورحفیظ اللہ نے درخواست دی۔ درخواست میں جماعت کے عہدیداروں نے حکومت سے اپنے غلط اقدام کی معذرت کرلی۔درخواست میں مستقبل میں ایسے اقدام نہ کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

حکومت کو یقین دہانی کروائی گئی کہ ٹی ایل پی ملکی قوانین کے اندر رہ کر کام کرے گی، ریاست کی طرف سے طے کردہ قواعد و ضوابط پر کاربندرہے گی، ٹی ایل پی آئین کے تحت سیاسی جماعت کے طور پر اپنا کردار ادا کرے گی۔ درخواست میں تحریک لبیک پاکستان پر عائد پابندی ہٹانے کی استدعا بھی کی گئی۔

وفاق کی جانب سے درخواست حکومت پنجاب کو بھجوا ئی گئی تھی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب ظفر نصر اللہ نے بھی درخواست دئیے جانے کی تصدیق کی ہے۔