کراچی:متحدہ لندن کی دہشت گرد خاتون رہنما کہکشاں حیدر کیس میں مزید اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، جس میں کہکشاں حیدر امریکا سے دہشت گردوں کو اپنے اکاونٹ سے پیسے منتقل کرتی رہی۔قانون نافذ کرنے والے عالمی ادارے نے سی ٹی ڈی کو جوابی خط لکھ دیا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نےانٹر پول اورفارن منسٹری کی وساعت سے خط لکھا تھا ، عالمی ادارے کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید اہم انکشافات کئے گئے ہیں۔
اس حوالے سے سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ کہکشاں حیدرامریکاسے دہشتگردوں کو اپنے اکاونٹ سے پیسے منتقل کرتی رہی، تحقیقاتی ٹیم نے اکاونٹ استعمال ہونے کے شواہد حاصل کرلیے ہیں۔
سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم لندن کےرہنما نے اپنے اکاؤنٹس سے متعدد افراد کو پیسے منتقل کیے، پیسے دہشتگردی نیٹ ورک چلانے کے لیے بھیجے جاتے تھے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق عالمی قانون نافذ کرنے والے ادارے نے انکوائری کے بعد بھیجے گئے خط کے جواب میں کہا کہ کہکشاں حیدر کو سلیم بیلجیم اپنے اکائونٹ سے پیسے بھیجتا تھا، سلیم بیلجیم کی جانب سے بھیجے گئے پیسے کہکشاں حیدرآگے بھیجتی تھی۔
با خبر ذرائع کا کہنا ہے کہ فنڈنگ کے ذریعے دہشتگردی کا نیٹ ورک چلایا جاتا تھا سی ٹی ڈی نے کئی ایسے افراد سے تفتیش کی، جن کو پیسے بھیجے گئے جبکہ کئی افراد کے بیانات عدالت میں بھی قلم بند کرائے گئے۔
سی ٹی ڈی سندھ کے پاس کہکشاں حیدر کیخلاف ٹھوس ثبوت موجود ہے، عدالتی پیش رفت اورمزیدثبوتوں کو عالمی ادارے کو بھیجا جائے گا۔