لاہور:مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کو قانون، جمہوریت اور سیاسی اخلاقیات کا ذرا بھی احترام ہے تو ڈسکہ الیکشن کے حوالے سے رپورٹ کے آنے کے بعد استعفی دیں اورقانون کا سامنا کریں۔
ڈسکہ الیکشن کی رپورٹ پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کے سرمائے کی طرح لوگوں کے ووٹ اوراپنے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار بھی لوٹنے اور چھننے کی کوشش ہو رہی ہے، ڈسکہ رپورٹ آگئی ہے اور ووٹ چوری ثابت ہوچکی ہے، عمران نیازی بتائیں اب کس چیزکا انتظار ہے، اب کارروائی کی جائے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کو قانون، جمہوریت اور سیاسی اخلاقیات کا ذرا بھی احترام ہے تو اس رپورٹ کے آنے کے بعد استعفی دیں اورقانون کا سامنا کریں، نواز شریف کی طرح وزیراعظم ہو کر قانون کا سامنا کرنے اور پیشیاں بھگتنے کے لیے بڑا دل گردہ چاہئے،اگرعمران نیازی طاقتور ہیں تو خود کو قانون کے نیچے لائیں۔
اپوزیشن لیڈرنے کہا کہ ڈسکہ میں ووٹ چوری پکڑے جانے کے بعد عمران خان نیازی کو سیاہ انتخابی اصلاحات اورالیکڑانک ووٹنگ مشین کی ضرورت پڑی، لیکن ہم انتخابی اصلاحات، الیکڑانک ووٹنگ مشین اور نیب ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے پاکستان، عوام اورآئین کے خلاف سازش کا بھرپورمقابلہ کریں گے، سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کرعوام کوغلام بنانے کا موجودہ حکومت کا سیاہ منصوبہ ناکام بنائیں گے، یہ بھیانک سازش بھی اس سیاہ مزاج حکومت اوراس کے سیاہ ناموں کے ساتھ ہی تاریخ میں دفن ہوگی۔