ورلڈ کپ جیتنے کی صورت میں محمد حفیظ انٹر نیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے۔فائل فوٹو
ورلڈ کپ جیتنے کی صورت میں محمد حفیظ انٹر نیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے۔فائل فوٹو

حفیظ کی ریٹائرمنٹ کا امکان۔پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کےبعد وطن نہیں آئیگی

ابو ظہبی:متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کھیلنے کے بعد قومی ٹیم  وطن واپس نہیں آئے گی۔جب کہ سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ کی جانب سے ورلڈ کپ کے اختتام پر ریٹائرمنٹ کئے جانے کا امکان ہے تاہم اس حوالےسے کوئی تصدیق نہ ہوسکی۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان  کو ورلڈ کپ کے بعد فوری طور پر بنگلہ دیش کا دورہ کرنا ہے جس میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز اور 2 ٹیسٹ کھیلے جائیں گے۔اس سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ  19 نومبر کو ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کل یا پرسوں متوقع ہے ۔تاہم سینئر کرکٹر محمد حفیظ نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کھیلنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی جگہ کسی نوجوان کھلاڑی موقع دینا چاہتے ہیں ۔ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ان کی جگہ افتخار احمد کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی کرکٹ میں بے پناہ خدمات دینے والے پروفیسر کے نام سے مشہور محمد حفیظ اس ورلڈ کپ کو یادگار کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور اس بات کا بھی امکان ہے ورلڈ کپ جیتنے کی صورت میں محمد حفیظ انٹر نیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے جس کے لئے وہ رفقاٗ سے مشورے بھی کر رہے ہیں۔تاہم کسی آزاد ذرائع سے ان کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کوئی تصدیق نہ ہوسکی۔

علاوہ ازیں نجی ٹی وی کے مطابق پاکستانی ٹیم خدانخواستہ سیمی فائنل میں شکست سے دوچار بھی ہوجاتی ہے تو بھی وہ وطن واپس نہیں آئے گی بلکہ کھلاڑی وہیں سے بنگلہ دیش کیلیے اڑان بھریں گے۔