ٹی ٹی پی کا ایک ماہ تک سیز فائر کا اعلان۔مذاکرات میں امارت اسلامیہ افغانستان کی کاوشوں کا اعتراف

 

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے آج سے ایک ماہ کیلئے سیز فائر کا اعلان کردیا۔ترجمان کالعدم ٹی ٹی پی کے مطابق فائر بندی میں فریقین کی رضامندی سے مزید توسیع بھی کی جائے گی اور فریقین پر فائربندی کی پاسداری ضروری ہے۔
کالعدم ٹی ٹی پی کا کہنا ہے کہ فریقین نے مذاکراتی کمیٹیوں کے قیام پر اتفاق کیا ہے، کمیٹیاں آئندہ لائحہ عمل اور فریقین کے مطالبات پر مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گی۔کالعدم ٹی ٹی پی ترجمان نے اعتراف کیا کہ امارت اسلامیہ افغانستان مذاکراتی عمل میں ثالث کا کردار ادا کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھاکہ حکومت پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی مکمل سیز فائر پر آمادہ ہوچکے۔
ان کا کہنا تھاکہ مذاکرات کی پیشرفت کو سامنے رکھتے ہوئے سیز فائر میں توسیع ہوتی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ترک ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کچھ گروپس حکومت سے بات کرنا چاہتے ہیں، ہم بھی ٹی ٹی پی کے کچھ گروپس کے ساتھ رابطے میں ہیں۔