اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکہ میں پراپرٹی کے کیس میں آصف علی زرداری کو 15 روز کی حفاظتی ضمانت دیدی۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس عامرفاروق نے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت عدالت نے نیب کو حکم دیا کہ 15 روز تک آصف علی زرداری کو گرفتارنہ کیا جائے۔
عدالت نے ہدایت کی کہ آصف علی زرداری احتساب عدالت کے سامنے ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست دائر کریں۔آصف علی زرداری کے وکیل نے کہا کہ افواہیں ہیں کہ چوتھا نیب ترمیمی آرڈیننس بھی آ جائے گا۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ان کے پاس آرڈیننس کے بعد ریلیف لینے والوں کی بہت سی فائلیں جمع ہو چکی ہیں،اب تو یہ نیب کی اپنی ذمے داری ہے کہ وہ اسکروٹنی خود کریں۔
آرڈیننس کے مطابق تو نیب کو یہ کام خود کرنا چاہیے تھا لیکن لگتا ہے وہ کرنا نہیں چاہتے،یہ بات تو طے ہو گئی کہ اب احتساب عدالت کو ضمانت کی درخواست سننے کا اختیارمل گیا ہے۔
فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ آرڈیننس قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہوا لیکن سینیٹ میں پیش نہیں کیا گیا،چیف جسٹس نے کہا کہ آرڈیننس تو دونوں ہائوسز کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے تھا۔