قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا اور مزید تفتیش شروع کر دی ہے
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا اور مزید تفتیش شروع کر دی ہے

کوئٹہ کےعلاقےنواں کلی میں ایگل اسکواڈکی ٹیم پر موٹرسائیکل ڈیوائس حملہ

صوبۂ بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں موٹر سائیکل میں نصب دھماکا خیز مواد زور دار آواز سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہو گئے۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ نواں کلی میں پولیس کے ایگل اسکواڈ کی گشتی ٹیم کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ایگل اسکواڈ کے 2 اہلکار اور 3 راہ گیر زخمی ہو گئے ہیں۔

دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے 3 سے 4 کلو دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا، جسے دھماکے سے اڑا دیا گیا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا اور مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔دوسری جانب آج ہی صوبۂ خیبر پختون خوا کے مالاکنڈ ڈویژن کے ضلع باجوڑ میں واقع راغگان ڈیم کے قریب دہشت گردوں کی جانب سے کیئے گئے ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔