بلوچستان میں دو مختلف واقعات کے دوران دہشتگردوں کیخلاف لڑتے ہوئے پاک فوج کے مزید تین جوان وطن پر قربان ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ تربت میں بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔
آئی ایس پی آرکے مطابق آپریشن کے دوران پاک فوج اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران دہشتگردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے دو جوان شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والوں میں سپاہی رمضان اور لانس نائیک لیاقت اقبال شامل ہیں، سپاہی رمضان کا تعلق سرگودھا اور لانس نائیک لیاقت اقبال کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بارودی سرنگ پھٹنے سے سپاہی انعام اللہ شہید ہو گئے۔ سپاہی انعام اللہ کا تعلق لکی مروت سے ہے۔