نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سفری پابندیوں میں 6 افریقی ممالک جنوبی افریقہ، لیسوتھو، اسویٹنی، موزمبیق، بوٹسوانا اور نمیبیا کے ساتھ ساتھ ہانگ کانگ بھی شامل ہے
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سفری پابندیوں میں 6 افریقی ممالک جنوبی افریقہ، لیسوتھو، اسویٹنی، موزمبیق، بوٹسوانا اور نمیبیا کے ساتھ ساتھ ہانگ کانگ بھی شامل ہے

اومیکرون وائرس،پاکستان نےجنوبی افریقہ سمیت7ممالک پرسفری پابندی لگادی

پاکستان نے کووڈ-19 کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے خدشات کے باعث جنوبی افریقہ سمیت 7 ممالک پر سفری پابندی لگادی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جنوبی افریقہ میں پہلی مرتبہ سامنے آنے والے ویرینٹ اومیکرون کے خدشات پر نئی سفری پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
اس حوالے سے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سفری پابندیوں میں 6 افریقی ممالک جنوبی افریقہ، لیسوتھو، اسویٹنی، موزمبیق، بوٹسوانا اور نمیبیا کے ساتھ ساتھ ہانگ کانگ بھی شامل ہے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی اسد عمر نے کہا کہ ‘کووڈ کے نئے ویرینٹ کے سامنے آنے پر جنوبی افریقہ کے 6 ممالک اور ہانگ کانگ پر سفری پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے ویرینٹ کے سامنے آنے سے یہ زیادہ ضروری ہوگیا کہ 12 سال سے بڑی عمر کے تمام شہریوں کو ویکیسین لگائی جائے۔
اس حوالے سے این سی او سی نے اپنے بیان میں کہا کہ سفری پابندیاں لگنے والے ممالک سے پاکستانی شہریوں کو انتہائی ہنگامی حالت میں پاکستان آنے کی اجازت ہو گی تاہم ان شہریوں کے لیے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ اور بورڈنگ سے 72 گھنٹے پرانا کورونا منفی ٹیسٹ لازمی ہوگا۔
این سی او سی کے مطابق ایئرپورٹ پر مسافروں کا ریپڈ اینٹیجین ٹیسٹ کیا جائے گا، منی ٹیسٹ والے مسافر گھر پر تین دن کا قرنطینہ کریں گے اور انتظامیہ قرنطینہ کے تیسرے دن مسافر کا دوبارہ ٹیسٹ کرے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ قرنطینہ کے 10 ویں روز مسافر کا پی سی آر ٹیسٹ کیا جائےگا، ریپڈ اینٹیجین ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں 10 دن کا لازمی قرنطینہ اختیار کرنا ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ان ممالک میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی سہولت کے لیے5 دسمبر تک سفر کی اجازت ہے لیکن ٹیسٹنگ پروٹوکولز لاگو رہیں گے۔
این سی اوسی نے ہدایت کی ہے کہ ایوی ایشن ڈویژن، ایئرپورٹ مینجمنٹ، اے ایس ایف پابندی والے ممالک سے بالواسطہ پروازوں سے سفر کرنے والوں کی اسکریننگ کے لیے طریقہ کار وضع کریں۔