سیالکوٹ واقع میں پولیس کی کوتاہی ثابت نہیں ہوئی،آئی جی پنجاب
تفتیش میں طے کریں گے کہ کس ملزم کا کیا رول تھا
راؤ سردار کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب تک جو کچھ کیا ہے اس کی تفصیلات شیئر کر رہے ہیں، 160 فوٹیجز کی روشنی میں گرفتاریاں کی جائیں گی
سانحہ سیالکوٹ کے حوالے سے آئی جی پنجاب راؤ سردار کا کہنا ہے کہ سانحۂ سیالکوٹ میں پولیس کی جانب سے کوئی کوتاہی ہوئی تو اس کا جائزہ لیں گے، واقعے میں پولیس کی کوتاہی ثابت نہیں ہوئی، راستے بلاک تھے، ڈی پی او پیدل چل کرفیکٹری پہنچے۔
آئی جی پنجاب راؤ سردارکا کہنا ہے کہ سانحۂ سیالکوٹ کے حوالے سے آر پی او اور ڈی پی او 24 گھنٹے چھاپوں کی نگرانی کر رہے ہیں، مقامی پولیس نے فوری طور پر حکام کو آگاہ کیا۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ فیکٹری کے اندر کوئی پولیس نہیں ہوتی، کوئی اسپیشل پروٹیکشن یونٹ نہیں ہوتا، تفتیش میں طے کریں گے کہ کس ملزم کا کیا رول تھا، سارے ملزم تو قاتل نہیں، ہر ملزم کا کردار طے کیا جائے گا۔
اس حوالے سے آئی جی پنجاب راؤ سردار کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب تک جو کچھ کیا ہے اس کی تفصیلات شیئر کر رہے ہیں، 160 فوٹیجز کی روشنی میں گرفتاریاں کی جائیں گی۔