مردان: صوبہ خیبر پختونخوا کے17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے مہم زور شور سے جاری ہے۔ان انتخابات میں 3905 خواتین بھی اپنی قسمت آزما رہی ہیں،جن میں مردان کے رہائشی اشفاق حسین کی دو بیویاں بھی الیکشن لڑ رہی ہیں ۔
اطلاعات کے مطابق اشفاق حسین کی ایک بیوی جنرل کونسلراور دوسری بیوی خواتین کے لیے مختص نشست پرانتخاب میں حصہ لے رہی ہے، ان کا انتخابی نشان بالٹی ہے۔
حیران کن بات یہ ہے کہ ان دونوں خواتین کی انتخابی مہم کے لیے جو پوسٹر چھاپے گئے ہیں ان میں نہ تو ان کے نام ہیں اور نہ ہی تصویر بلکہ اس کی جگہ اشفاق حسین کا نام اور دعا مانگتے تصویر چھاپی گئی ہے۔
دونوں امیدواروں کی شناخت ان کے انتخابی نشان سے بتائی گئی ہے جبکہ پوسٹرکے ایک کونے میں زوجہ اول اور زوجہ دوئم بھی لکھا گیا ہے جبکہ ان کی ایک تیسری بیوی انتقال کر چکی ہیں۔
یہ انتخابی معرکہ خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کی یونین کونسل پلو ڈھیری میں جاری ہے۔ اشفاق حسین ان دنوں انتہائی مصروف ہیں اوریونین کونسل کے دور درازعلاقوں میں بھی جا رہے ہیں۔یاد رہے کہ بلدیاتی الیکش کیلیے پولنگ19دسمبرکو ہو گی۔