لڑکی کے کافی عرصہ سے جنید سے تعلقات تھے، چند ماہ پہلے بھی یہ اپنے گھرسے فرار ہوئی تھی۔فائل فوٹو
لڑکی کے کافی عرصہ سے جنید سے تعلقات تھے، چند ماہ پہلے بھی یہ اپنے گھرسے فرار ہوئی تھی۔فائل فوٹو

نوجوان سکھ لڑکی نے مسلمان نوجوان سے شادی کرلی

لاہور:سکھ مذہب کے بانی گورو نانک دیو کی جائے پیدائش ننکانہ صاحب میں ایک اور نوجوان سکھ لڑکی نے اسلام قبول کرکے ایک مسلمان نوجوان سے نکاح کرلیا۔

اسلام قبول کرنے والی سکھ لڑکی راجمیت کورنے اپنے ہمسائے جنید نامی نوجوان سے گھر سے بھاگ کر شادی کرلی ہے اوراپنا نیا نام جنت بی بی رکھا ہے۔ اس واقعہ کے بعد ایک بار پھرننکانہ صاحب میں سکھ اورمسلم برادری میں تناؤ پیدا ہونے کاخدشہ ہے۔

ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والے ایک سکھ شہری نے اپنا نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پربتایا کہ اس لڑکی کے کافی عرصہ سے جنید سے تعلقات تھے، چند ماہ پہلے بھی یہ اپنے گھرسے فرار ہوئی تھی تاہم مقامی مسلمان اورسکھ شخصیت نے لڑکی کوواپس اس کے والدین کے حوالے کردیا تھا لیکن اب ایک بارپھر یہ لڑکی اپنی مرضی سے مسلمان نوجوان کے ساتھ گئی ہےاس لئے اب دونوں مذاہب کے اہم افراد اس معاملے میں شریک نہیں ہورہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ لڑکی 7 دسمبرکو گھرسے نکلی تھی، لڑکی نے جڑانوالہ کی ایک مسجد میں اسلام قبول کیا اوراس کے بعد اپنا نام جنت رکھ لیا، اسلام قبول کرنے کے بعد جنت کا جنید سے نکاح پڑھایاگیا۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ والدین کے خوف سے جنت بی بی نے مقامی عدالت سے تحفظ کی درخواست دائرکی ہے۔