پشاور پولیس کی کارروائی میں دو افغان دہشت گرد ہلاک

پشاور:پولیس کی کارروائی میں مطلوب خطرناک دو اشتہاری مجرمان ہلاک ہوگئے۔

سی سی پی او عباس احسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پشاور پولیس کی کارروائی کے دوران مقابلے میں 2 انتہائی خطرناک اور اشتہاری مجرمان ہلاک ہوگئے، دونوں دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے ہے، اورپولیس مقابلے سمیت 13 قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین مقدمات کے علاوہ بھتہ خوری میں بھی مطلوب تھے۔

سی سی پی او عباس احسن نے بتایا کہ ملزمان کی اطلاع پر پہلے تھانہ ناصر باغ کی حدود میں کارروائی کی گئی، ناصر باغ میں چھاپے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار راحت زخمی ہوا، ملزمان ناصر باغ سے فرار ہو کر تھانہ پشتخرہ کی حدود تاج آباد قبرستان میں روپوش ہوئے تھے، اطلاع ملنے پر جیسے ہی پولیس ٹیم تاج آباد قبرستان پہنچی تو ملزمان نے دوبارہ پولیس پارٹی پہ اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔

عباس احسن کے مطابق کارروائی کے دوران موقع سے دو پستول اور مختلف وارداتوں میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل تحویل میں لے لیا گیا ہے، اور ملزمان کے موبائل سے ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے، ڈیٹا سامنے آنے پران کے دیگر ساتھیوں کا بھی پیچھا کیا جائے گا، لاشوں کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔