یہ حکومت بیساکھیوں کے سہارے چل رہی ہے۔شاہد خاقان عباسی

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی  نے وفاقی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد نہ لانے کا اشارہ دے دیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  شاہد خاقان عباسی نے  کہا کہ تحریک عدم اعتماد وہاں لائی جاتی ہیں جہاں حکومتیں آئین و قانون کے مطابق چل رہی ہوں ، یہاں تو حکومت بیساکھیوں پر چل رہی ہے ،جس روزان کے سر سے ہاتھ اٹھ گیا  یہ ایک روز بھی نہیں چلیں گی ۔

صحافی نے سوال کیا کہ سابق اسپیکر ایاز صادق لندن میں نواز شریف سے ملاقات کر رہے ہیں ، کیا کچھ بہت بڑا ہونے والا ہے ؟، جس پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایاز صادق لندن میں ہیں؟ مجھے اس بات کا علم نہیں۔

گرین لائن سے متعلق انہوں نے کہا کہ جو کام نہ کرے وہ دوسروں کا کریڈٹ لیتا ہے ،اس حکومت کے  18 وزیر مشیر ہیں جن کا کام صرف پریس کانفرنس کرنا ہے ، وہ اپنی مراعات بتا دیں، وہ سب 18 لوگ اکٹھے ہو جائیں اوراس حکومت کا ایک کام بتا دیں جو انہوں نےشروع کیا ہو ۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہاں آٹا چینی اسکینڈل آئے ،براڈ شیٹ کی باتیں ہوئیں مگرعدالتیں خاموش رہیں ، اقامے کی فیس نہ لینے پرحکومتیں توڑنے والی عدالتیں آج خاموش ہیں،ضرورت ہے کہ عدلیہ عوام کا اعتماد بحال کرے، جہاں عدلیہ سے  اعتماد اٹھ جائے وہاں نظام نہیں چلتا ۔

فواد چوہدری کا الزام کہ سب سے زیادہ پولیس مقابلے شہباز شریف کے دور میں ہوئے پر رد عمل دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پولیس مقابلے ہوئے ہیں تو عدالتیں آپ کے پاس ہیں، بسم اللہ کریں، اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی سے متعلق انہوں نے کہا کہ اب اسٹیٹ بینک آزاد ہے، اس کا کوئی کچھ نہیں کر سکتا ،مانیٹری پالیسی کی کیا بات کروں اسٹاک مارکیٹ ہی ڈوب گئی ہے، آج ڈالر 75 فیصد مہنگا ہو چکا ہے ،کپٹیلائزیشن سٹاک مارکیٹ میں آدھی رہ گئی ہے ۔

چیئرمین نیب کی تعیناتی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے چیئرمین نیب کی تعیناتی کا آرڈیننس جاری کر دیا ہے ، صدر صاحب دندان سازی میں مصروف تھے ، اب انہیں فرصت ملی ہے تو انہوں نے خط لکھ دیا ہے ، اپوزیشن جواب دیدے گی۔