ملتان: پنجاب کے شہر ملتان میں دلچسپ اور حیرت انگیز طور پرچھ بہنوں نے چھ بھائیوں سے ایک ہی تقریب میں اجتماعی شادی کرلی۔
ملتان میں چھ بہنوں نے اپنے چچا زاد چھ بھائیوں سے پسند کی شادی کی ہے۔ پہلے تو گھر والے مان نہیں رہے تھے لیکن دلہنوں اور دولہائوں کے اصرارپر شادی پر رضا مند ہوگئے اور خوب دھوم دھام سے سب کی اجتماعی شادی کردی۔آنکھوں میں سپنے، چہرے پر مسکان سجائے محمد لطیف کی چھ بیٹیاں ایک ہی گھر رخصت ہوگئیں۔
دلہن انعم کا کہنا ہے کہ وہ اوران کی پانچوں بہنیں بہت خوش ہیں۔ دولہا شکیل نے بتایا کہ وہ سارے بھائی ایک ہی گھر میں رہتے ہیں، انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ آگے بھی سب بھائی اکٹھے ہی جوائنٹ فیملی میں رہیں گے۔
دولہوں کے والد ظہور بخش کا کہنا تھا کہ وہ اس موقع پر بہت خوش ہیں۔انہوں نے اجتماعی شادی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں بچوں کی الگ الگ شادیاں کرنا ممکن نہیں ہوتا ، پہلے بھی بچوں کی ایک ساتھ ہی شادیاں کی جاتی ہیں لیکن اب یہ اجتماعی شادی کی شکل اختیارکرگئی ہے۔